ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وظیفہ یاب فوجیوں کے مسائل حل کرنے حکومت توجہ دے:ریاستی گورنر تھاور چند گہلوٹ

وظیفہ یاب فوجیوں کے مسائل حل کرنے حکومت توجہ دے:ریاستی گورنر تھاور چند گہلوٹ

Thu, 09 Dec 2021 12:17:31    S.O. News Service

بنگلورو8دسمبر(سالار نیوز) ریاستی گورنر تھاور چند گہلوٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ وظیفہ یاب فوجیوں کے مسائل حل کرنے کی جانب فوری توجہ دے۔ودھان سودھا کے بانکو یٹ ہال میں محکمہ فوجی بہبود باز آباد کاری کی جانب سے منعقد مسلح افواج کے”فلیگ ڈے“ کے موقع پر فلیگ جاری کر کے شیلڈ تقسیم کر تے ہو ئے گور نر نے یہ ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں محکمہ فوجی بہبود وباز آباد کاری کے ساتھ تباد لہ خیال کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر محنت کر کے شہید ہو نے والے فو جیوں اور ان کے اہل خانہ کی ذمہ داری صرف حکومت کی ہی نہیں بلکہ پورے سماج کی ہے۔ اسلئے حکومت ان فوجیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرے۔

اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے ریاستی وزیر برائے داخلہ ارگا گنانیندرا نے کہا کہ حفاظتی دستوں کے لئے خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی خدمات کے اعتراف کے لئے ہندوستانی فوج کے تینوں شعبوں کے جھنڈوں کو خرید کر پہنایاجائے۔ میجر جنرل ہریش ایس شانباگ نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ وظیفہ یاب فوجیوں کو نجی شعبہء میں بھی روزگار کے موقع حاصل ہونا چاہئے،حکومت کے مختلف محکمہ جات میں وظیفہ یاب فوجیوں کو حاصل روزگار کا جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بھی وظیفہ یاب فوجیوں کو جائیداد ٹیکس میں 50فیصد رعایت دی جا ئے اور حکومت کی بہبود اسکیموں کی جانکاری انہیں فراہم کی جائے۔ اس موقع پر27 اپریل 2017کو کپواڑہ سکیٹر کے پنج گاؤں میں دہشت گردوں کے ساتھ مڈ بھیڑ میں زخمی ہو کر مکمل طور پر اپا ہچ ہو ئے بھدرے گوڑناکو پل،میسور کے فوجی رمیش بی اور 4جولائی2020میں ارونا چل پر دیش میں فرض کے دوران تودے گرنے سے شہید ہاسن ضلع ارکل گڈ تعلقہ اتنی اپار دیہات کے حوالدار ملیش وی ایم کی بیوہ پور نیما اے ایم کو تہنیت پیش کی گئی۔

اس موقع پر فلیگ ڈے کے لئے سب سے زیادہ فنڈ اکٹھا کرنے والے کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(کے ایس آر ٹی سی) کو رولنگ شیلڈ دی گئی جسے کے ایس آر ٹی سی کے مینیجنگ ڈائرکٹر شیو یو گی کلسد نے حاصل کیا۔مذکورہ شیلڈ مسلسل 7ویں مرتبہ کے ایس آر ٹی سی حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔پروگرام میں ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری روی کمار، محکمہ کے وظیفہ یاب بریگیڈیر ششی دھر،وظیفہ یاب ایئر کمانڈر چندر شیکھر و دیگر حاضر رہے۔


Share: